عاصف بٹ
کشتواڑ //غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کی ایک پُر عزم کوشش میں کشتواڑ کی ضلع پولیس نے مویشیوں کی اسمگلنگ کی کوشش کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور متعدد مویشیوںکو بچا لیاگیا۔اس غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث گاڑی کو ضبط کر لیاگیا۔ ایس ایچ او پی ایس چھاترو کی سربراہی میں پولیس اسٹیشن چھاترو کی پولیس ٹیم نے اچانک چیکنگ کی اور ڈکسوم جاتے ہوئے سنتھن ٹاپ پر دو گاڑیاںزیر نمبر JK03N-2386 و JK03L 8270 کو روکااور ا ن کی تلاشی لی ۔ان گاڑیوں میں سوارافراد جو اننت ناگ ضلع کے ڈاکسم لارنو علاقے کے رہنے والے ہی کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور گاڑیوں کو بھی مویشیوںسمیت ضبط کر لیا گیا۔ ایک الگ واقعہ میں ایک اور پولیس پارٹی نے ڈوڈہ ضلع سے ملحقہ سادیانی ٹاپ پر مویشیوںکو کوکرناگ اننت ناگ کی طرف لے جانے کی کوشش کرنے والے اسمگلروں سے بچایا ۔گرفتار افراد کی شناخت نظام الدین بیگ ولد عبدالعزیز بیگ سکنہ چیوارڈ کوکرناگ گلزار احمد کھاری حلیم کھاری سکنہ چڈ وائل ڈنڈی پور سبزار احمد ولد ولی محمد بھٹ سکنہ بھٹ پورہ لارنو و ظفر احمدولد بشیر احمدسکنہ بھٹ پورہ لارنو ضلع اننت ناگ کے طور ہوئی۔ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن چھاتر میں 3 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے تمام مویشی اسمگلروں اور گاڑیوں کے مالکان کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اُسے سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مویشیوں کے اسمگلروں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی مستقل نگرانی کی جائے گی۔ وادی کشمیر سے مویشیوں کے اسمگلروں کو کشتواڑ کے علاقے میں ان سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے خلاف خبردار کیا گیا ہے ۔اس وارننگ کو نظر انداز کرنے والوں کو سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ مہم غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے اور مویشیوںکی فلاح و بہبود اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جموں و کشمیر پولیس کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اسمگلنگ یا دیگر جرائم سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں تاکہ خطے میں امن و امان برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔