عاصف بٹ
کشتواڑ//سوموار کی صبح ضلع صدر مقام کشتواڑ سے بارہ کلومیٹر دور ولڑا پل کے قریب نجی گاڑیوں کی آپسی ٹکر میں ایک شخص لقمہ اجل ،ایک لاپتہ جبکہ دو شدید زخمی ہوئے جنکا علاج جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ولڑا پل کے قریب صبح دس بجے سینٹرو گاڑی زیرنمبر Jk14b9208نے اس وقت سویفٹ گاڑی JK02CD6124کو پیچھے سے ٹکر ماری جب اسکا ڈرائیور اس پر سے کنٹرول کھوبیٹھا۔یہ دونوں گاڑیاں قومی شاہراہ پر ٹھاٹھری کی طرف جارہی تھی۔ سویفٹ گاڑی کا ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور گاڑی ڈرائیور سمیت چناب میں جاگری جبکہ اسمیں سوار دوسرے شخص کو مقامی لوگوں نے دریا کے کنارے سے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں پہلے اسے ضلع ہسپتال بھیجا گیا جسکے بعد اسے مزید علاج ومعالجے کیلئے جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں اس نے آخری سانس لی۔اسکی شناخت ٹھاٹھری بارشالہ کے سمیت شرما کے طور ہوئی جو محکمہ فایر سروس میں بطورملازم تھا ۔وہیں لاپتہ شخص کی شناخت پلاننگ آفیسر بلجیت سنگھ کے طور ہوئی جسکا دیرگئے تک کوئی تہ نہ چل سکا۔ حادثے کے فورا بعد پولیس ،ریڈرکراس وفایر سروس ٹیموں نے بچائو کاروائی کا عمل شروع کیا اور لاپتہ افسر کی تلاش کی تاہم دیرگئے تک اسکا کوئی سراغ نہ مل سکا۔جبکہ سینٹرو گاڑی میں سوار رجت کمار و سیشما دیوی کو بھی چوٹیں آئی ہیں جنکا علاج ضلع ہسپتال میں جاری ہے۔ ممبر پارلیمنٹ سجاد کچلو نے اس حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام پر زور دیا کہ وہ تلاشی کارروائیوں کو تیز کریں اور اگر ضرورت ہو تو ایس ڈی آر ایف و این ڈی آر ایف ٹیموں کو جدید آلات سے لیس پیشہ ور تیراکوں کے ساتھ تعینات کریں۔ انھوں نے بتایا کہ تلاشی کاروائی مکمل ہونے کے بعد این ایچ آئی ڈی سی ایل کے خلاف کریش بیریئرز کو نصب کرنے میں ناکامی پر ایک مکمل تحقیقات شروع کی جانی چاہئے۔