عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے ایک اور منشیات فروش پرپی ایس اے عائد کرکے اسے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے بتایا کہ کشتواڑ پولیس منشیات کے استعمال کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کثیر الجہتی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے اور ضلع کے ہر کونے میں بیداری کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تو دوسری طرف منشیات فروشوں کو پکڑ کران پر کاروائی کی جارہی ہے۔ کشتواڑ پولیس نے انسپکٹر سندیپ پریہار، ایس ایچ او چھاترو کی قیادت میں ڈی وائی ایس پی ڈی آر سجاد خان کی نگرانی میں بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرلیا جسکی پہچان امتیاز احمد ولد عبدالرحمن ساکنہ پھلگام سگدی چھاترو کشتواڑ طور ہوئی۔ اس کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اوراسے ضلع جیل کشتواڑ میں بند کردیاگیا۔ پولیس نے بتایا کہ منشیات فروشی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں مسلسل ملوث ہونے اور نوجوان نسل کو منشیات کے عادی ہونے سے بچانے کے لیے اسے سخت حفاظتی اقدامات کا نشانہ بنانا ضروری سمجھا گیا۔ ملزم منشیات فروشی کے مختلف مقدمات میں ملوث ہے جیسا کہ گزشتہ واقعات کی تفتیش اور منشیات سے متعلق معلومات کی وصولی کے دوران انکشاف ہوا ہے۔ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے منشیات فروشوں کے لیے سخت پیغام دیتے ہوئے مزید کہا کہ کشتواڑ میں منشیات فروشوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ منشیات فروشوں کو ہماری نسل کو خراب کرنے کا راستہ چھوڑ دینا چاہیے اور قومی دھارے میں واپس آنا چاہیے ورنہ ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔