کشتواڑ//بھاری بارش کے باوجود رام نومی بھگوان رام کی پیدائش کی سالگرہ ضلع کشتواڑ میں مذہبی جوش و عقیدت کے ساتھ منائی گئی اسی کیساتھ نو روزہ برت چیترہ نوراتری ختم ہو گئے۔شردھالووں کی بڑی تعداد ہون، پریتی بوج اور ماتھا ٹیکنے کیلئے صبح سے ہی مندروں میں جمع ہوئے۔پجاریوں نے رنگین کپڑے پہن کر ریلیوں کا اہتمام کیا اور شیو مندرسیمنا کالونی کشتواڑ کی طرف گئے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے متعدد شردھالوں نے خوشی کا اظہار کیا اور اس موقع کو خاص بتایا اور کہاپروگرام شرینگر آرتی، بھجن، کیرتن، آرتی، گرو پوجا کے بعد منگلا آرتی آج صبح شروع کر دی گئی تھی۔اس موقع پر شردھالوں نے بھوگ تقریب منعقد کی۔علاقے کی بڑی بھیڑ تقریب دیکھنے کیلئے امڈی۔ بچے بھگوان رام ،لکشمن،سیتا اور ہنومان کے طور سے پیش ہوئے۔توتن گپتا نے بتایا کہ آج نوراتری تہوار کا آخری برت تھا ۔ نوراترہ کے آخری دن ہندو شردھالو ماں درگا کا آشرواد لیتے ہیں۔اس موقع پر نویں اوتار ماں درگا ،سدھاداتری کی پوجا کی جاتی ہے۔متعدد نوجوانوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مختلف علاقوں کے شردھالو جھانکیاں نکالتے ہیں اور شیو مندر کشتواڑ میں تہوار مناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ پھول، زیور اور نئے کپڑوں کے ساتھ رسومات انجام دینے اور بھگوان رام کی مورتیاں سجاتے ہیں۔