کشتواڑ// پہاڑی ضلع کشتواڑ میں بدھ اور جمعرات کی نصف شب سینٹرل انڈسٹریل ریزرو فورس (سی آئی ایس ایف) کے ایک کانسٹیبل نے اپنی بیوی، ساتھی کانسٹیبل اور اس کی بیوی کو ہلاک کردیا ۔ مذکورہ کانسٹیبل نے تینوں کو اپنی سروس رائفل سے گولیوں کا نشانہ بنایا ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ ابرار احمد چودھری نے بتایا ’ہمیں گذشتہ رات قریب دو بجے شالیمار چوک کی این ایچ پی سی کالونی میں واقع سی آئی ایس ایف ہیڈکوارٹرس میں فائرنگ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی‘۔ انہوں نے بتایا کہ ڈول ہستی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ (ڈی ایچ ای پی) شالیمار سی آئی ایس ایف کمپنی سے وا بستہ کانسٹیبل انگلپا سریندرنے اپنی بیوی لوانیا ، اپنے ساتھی کانسٹیبل راجیش ککانی اور اس کی بیوی شوباپر اپنی سروس رائفل سے گولیوں کی بوچھاڑ کرکے تینوں کو ہلاک کیا ۔ ایس ایس پی نے بتایا ’ہم نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا ۔ تین لوگوں کے قتل کے لئے استعمال ہونے والے ہتھیار کو بھی ضبط کرلیا گیا ‘۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں مدد کے لئے جموں سے فارنسک سائنس لیبارٹری کی ایک ٹیم بھی بلائی گئی ہے۔ ابرار چودھری نے مزید بتایا ’بادی النظر میں ہلاکتوں کی وجہ ملزم کی بیوی کے مہلوک کانسٹیبل کے ساتھ ماورائے ازدواجی تعلقات سمجھا جارہا ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’ہلاکتوں کی اصل وجہ تحقیقات سے ہی سامنے آئے گی۔ تحقیقاتی عمل کو کم از کم وقت میں مکمل کرلیا جائے گا‘۔