عظمیٰ نیوزسروس
کشتواڑ//ڈپٹی کمشنر، پنکج کمار شرما نے محکمہ صحت کے زیر اہتمام ضلع میں قومی تمباکو کنٹرول پروگرام کے تحت “تمباکو سے پاک نوجوان مہم 3.0” کا آغاز کیا۔وزارت صحت اور خاندانی بہبود، حکومت ہند کی طرف سے ملک گیر پہل کا حصہ، دو ماہ تک جاری رہنے والی اس مہم کا آغاز گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول (بوائز) سے ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ طلبہ کی ایک ریلی کے ساتھ کیا گیا۔ریلی کا انعقاد محکمہ صحت نے محکمہ تعلیم کے تعاون سے تمباکو کے استعمال سے ہونے والے خطرات کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے کیا تھا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی سی نے خاص طور پر نوجوانوں میں تمباکو کے استعمال کی بڑھتی ہوئی لعنت کو روکنے کے لیے اجتماعی کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے کہا “ہمیں اجتماعی طور پر بشمول اساتذہ اور طلباء کو اس مہم کو ضلع کے ہر تعلیمی ادارے میں کامیاب بنانا چاہیے”۔ ڈی سی نے کہا کہ یہ مہم گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول سے شروع کی جا رہی ہے کیونکہ تعلیمی اداروں کو تمباکو کی لت کے خلاف جنگ میں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کو بعد میں کالج کے طلباء تک بڑھایا جائے گا۔اگلے ساٹھ دنوں کے دوران، اس مہم میں اطلاعات، تعلیم اور مواصلات (آئی ای سی) کی سرگرمیاں، کمیونٹی کی مشغولیت کی ورکشاپس اور نفاذ کی مہمیں شامل ہوں گی جن کا مقصد ایک صحت مند، تمباکو سے پاک کشتواڑ کو فروغ دینا ہے۔