کشتواڑ //’’ویجی لینس بیداری ہفتہ‘‘ منانے کے لئے میں ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے ویجی لینس آرگنائزیشن جموں کے اشتراک سے ڈپٹی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ راناکے کانفرنس حال میں ایک پروگرام جس کا موضوع’’ رشوت ستان سے آزاد بھارت‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔ اے ڈی سی کشتواڑ کشتوری لال جوکہ ویجی لینس آفیسر بھی ہیں نے اس پروگرام کی صدارت کی۔ ایک سرکاری ترجمان کے مطابق اس پروگرام میں سنیئر سرکاری اہلکاروں بشمول محکموں کے سربراہوں اور محکمانہ ویجی لینس آفیسر وں نے بھی شرکت کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقعہ پر اپنی تقریر میں رشوت ستانی کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کے لئے قریبی تال میل کے ساتھ متحدہ کوشش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ رشوت ستانی کے بارے میں پیش آنے والے واقعے اوراس میں ملوث اشخاص کے خلاف ضابطے کے تحت سخت کاروائی کرنا لازمی ہے ۔ ڈی سی نے مزید کہاکہ ہمیں ایک ذمہ دار شہری ہونے کی حیثیت سے سماج سے رشوت ستانی کی بدعت کو ختم کرنے کے لئے نمایاں رول ادا کرناچاہئے ۔ افسروں سے کہا گیا کہ وہ رشوت ستانی کے خاتمہ کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں ۔ ضلع ویجی لینس آفیسر کشتواڑ کشوری لال نے کہاکہ رشوت ستانی کے خاتمہ کے لئے محکمہ کی طرف سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے متعدد محکموں کے حکام سے کہا کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں رشوت ستانی کے خاتمے کے لئے مؤثر قدم اٹھائیں ۔ ویجی لینس ونگ جموں کی جانب سے اس موقعہ پر ایک پاور پوائنٹ پیرنٹیشن کے ذریعہ رشوت ستانی کے خاتمے کے لئے اٹھائے جارہے اقدامات کا خلاصہ پیش کیا اور آرگنائزشن کی جانب سے رشوت ستانی کے معاملوں کی چھان بین سے متعلق جانکاری دی۔