کشتواڑ//منگل کی صبح قصبہ میں ایک آلٹو کار میں ہوئے پر اسرار دھماکہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ دھماکہ صبح 7بجے کے قریب پرانے بس اڈہ پر کھڑی کار میں ہوا جس کے نتیجہ میں راج کمار ولد موہن لال ساکن کیشوان نامی شخص زخمی ہو گیا، اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے ۔ پیشہ سے ایک ٹھیکیدار اس شخص کا کہنا ہے کہ وہ مندر سے درشن کرنے کے بعد واپس جانے کے لئے اپنی کار میں بیٹھا تو اس نے ڈرائیونگ سیٹ کے ساتھ کھلنے والے دروازے کے ساتھ ایک تار بندھی ہوئی دیکھی، جوں ہی اس نے گاڑی کھولی تو دھماکہ ہو گیا جس سے متصل کھڑی ایک دوسری ماروتی کار کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اگر چہ یہ دھماکہ شدید نوعیت کا نہیں تھا لیکن اس کی زد میں آکر کار کا گیئر باکس ، اگلی سیٹیں اور شیشے تباہ ہوگئے ۔دھماکے سے آس پاس کھڑی کچھ اور گاڑیوں کے شیشے بھی چکنا چور ہوگئے۔اس دھماکہ کی وجوہات کا فوری طور پر خلاصہ نہیں ہو سکا ہے ، پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔