سرینگر //محکمہ موسمیات نے وادی میں ہلکی برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ تازہ مغربی ہوائیںریاست کی فضائوں میں داخل ہوکر موسم پر اثر انداز ہونے والی ہیں جس کے نتیجے میں جمعرات کی رات سے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور یہ صورتحال دوروز تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس موسمی تبدیلی کے نتیجے میں بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں سرینگر میں بھی بارشیں ہونگی ،تاہم شہر میںبرفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔شبانہ سردیوں میں متواتر اضافے اور وادی میں بارشوں و برفباری کی پیشگوئی کے بیچ لداخ خطے کے کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی20ڈگری سیلشیس تک پہنچ گیا ہے۔سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا، گلمرگ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6ڈگری سیلشیس جبکہ پہلگام میں منفی4.5ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں منفی4.4، کوکرناگ میں منفی 2.5اور کپوارہ میں منفی3.6ڈگری کے ساتھ سردی کی شدید لہر جاری رہی۔