سرینگر/اشفاق سعید/ خود مختار پہاڑی ترقی کونسل کرگل کے چوتھے عام انتخابات میں نیشنل کانفرنس اورکانگریس نے کامیابی حاصل کی جبکہ سابق مخلوط حکومت کی اکائیوں پی ڈی پی اوربی جے پی کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ تاہم کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی ۔کونسل میں کل30نشستیں ہیں جن میں سے 26پر انتخابات ہوتے ہیں اور حکومت 4امیدواروں کو نامزد کرتی ہے۔جن میں 2 اقلیتی طبقہ اور 2 خواتین ممبران شامل ہوتے ہیں۔جمعہ کو ہوئے انتخابات میں 26نشستوں کیلئے 99امیدوار میدان میں تھے۔چوتھے عام انتخابات کے حتمی نتائج میں نیشنل کانفرنس نے 10 ،کانگریس نے 8،پی ڈی پی نے 2 ،بی جے پی نے ایک اور آزاد امیدواروں نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ 2003میں کرگل ضلع میں کونسل کا قیام عمل میں لایاگیاتھا، جس کے بعد یہ چوتھے انتخابات ہیں۔ انتخابات میں کل233امیدواروںنے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے ، جن میں سے جانچ پڑتال کے دوران9کو رد کر دیاگیا جبکہ224امیدوار درست پائے گئے جن میں سے 125امیدواروں نے اپنی نامزدگیاں واپس لی تھیںاور مجموعی طور 99امیدوار انتخابی دوڑ میں تھے۔ انتخابات 27 اگست کو منعقد ہوئے جبکہ ووٹوں کی گنتی کیلئے 31 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ان انتخابات میں83ہزار844رائے دہندگان کیلئے 258پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے ۔