نیویارک //امریکی حکومت کی معاونت سے ہونے والے ایک مطالعے میں انکشاف ہوا ہے کہ کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا کی ادویات کا استعمال بے اثر بلکہ اموات میں اضافے کا بھی باعث بن رہا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ ) اور ورجینیا یونیورسٹی کی ایک سٹڈی نے اس کی اطلاع دی ۔ محققین نے کہا‘‘ اس سٹڈی کے دوران ہمیں پتہ چلا ہے کہ ھائیڈروکسي کلوروکوین کے استعمال سے کورونا مریضوں کی حالت میں بہتری آنے کے ثبوت نہیں ملے ہیں ’’ ۔یہ سٹڈی آن لائن پوسٹ کی گئی ہے اور اسے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن کو پیش کیا گیا ہے ۔ اس سے کورونا کے مریضوں کی حالت میں بہتری آنے کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں ۔گو کہ اس اسٹڈی کا دائرہ کار محدود ہے لیکن اس میں کہا گیا ہے کہ جن مریضوں کو ملیریا کی ادویات دی گئی اْن کی شرح اموات علاج کے دیگر طریقوں کے مقابلے میں زیادہ تھی۔مطالعے میں انکشاف ہوا کہ جن مریضوں کو صرف 'ہائیڈروکسی کلوروکوئن' دی گئی اْن کی اموات کی شرح 28 فی صد تھی۔ جن مریضوں کو یہ دوا 'ایزتھرومائسیین' کے ساتھ دی گئی اْن کی اموات کی شرح 22 فی صد تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن مریضوں کو ان ادویات کے بجائے معمول کی طبی امداد دی گئی اْن کی اموات کی شرح صرف 11 فی صد تھی۔