کرناہ //کرناہ میں سڑک کے ایک دلدوز حادثہ میں ہائر سکنڈی سکول ٹاڈ کی دو طالبات لقمہ اجل بن گئی جبکہ گاڑی میں سوار دیگر 7بچیوں کے علاوہ کل 11لوگ زخمی ہوئے جن میں سے چار کو شدید زخمی حالت میں سرینگر کے صدر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔بدھ کو قریب شام چار بجے ایک ٹاٹا سومو گاڑی زیر نمبر JKO1F 2491ٹنگڈار سے ہجترہ کی طرف جا رہی تھی جہاں وہ دھنی کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے سبب گاڑی میں سوار 2 طالبات موقعہ پر لقمہ اجل بن گئی جبکہ دیگر 11افراد شدید زخمی ہو گئے ۔لقمہ اجل بن گئی طالبات کی شناخت 18سالہ روبینہ بانو دختر مسر الدین ساکن ہجترہ اور 19سالہ مقدس رشید دختر عبدالرشید کے بطور ہوئی ہے ۔زخمیوں میں سے چار افراد کو سرینگر کے صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بلاک میڈکل افسر ٹنگڈار ڈاکٹر محمد یوسف نے بتایا کہ ہسپتال میں 13زخمیوں کو لایا گیا تھا جن میں سے 2کی موت ہو گئی اور 11زخمی میں سے 4شدید زخمیوں کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد سرینگر کے صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور 7افراد کا علاج ومعالجہ کرناہ سب ضلع ہسپتال میں کیا جا رہا ہے ۔اس دلدوز سڑک حادثہ کے بعد علاقے میں ماحول سوگوار ہے جبکہ شام دیر گے جب طالبات کی لاشوں کو اُن کے آبائی گھر پہنچایا گیا تو وہاں کہرام مچ گیا ۔زخمی ہونے والے سب افراد کا تعلق ٹاڈ ، ہجرہ اور دھنی علاقوں سے تھا ۔عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں13سواریوں کو بٹھایا گیا تھا جن میں 9 طالبات ہائی سکنڈی سکول ٹاد کی تھیں جو سکول سے چھٹی کے بعد اپنے گھر جا رہی تھیں پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔