کپوارہ//شمالی کشمیر کے سرحدی علاقہ کرناہ سیکٹر میں آ ر پار گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی جبکہ ایک سکول، مسجد شریف اور متعدد رہائشی مکانوں اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔اتوار کی شام دیر گئے کرناہ کے دھنی ،حاجی ترہ ،سعید پورہ ،پراڈہ اور امروہی علاقوں میں ہندو پاک افواج نے ایک دوسرے کی چوکیو ں پر گولہ باری کی۔ تین ہفتو ں کے بعد یہ علاقہ پھر گن گرج سے دہل اٹھا ۔ لو گو ں نے بتا یا کہ اتوار کی شام جب ہندو پاک افواج نے ایک دوسری کی چوکیو ں کو نشانہ بنایا تو لوگ دوران شب ہی اپنی جان بچانے کے لئے محفوظ مقامات کی طرف چل پڑے جبکہ زیادہ تر لوگو ں نے اپنے مکانو ں کی نچلی منزلو ں میں پناہ لی اور رات بھر گولہ باری کی وجہ سے پورا کرناہ لرز اٹھا ۔ ایک گولہ ایک مکان پر گر ا جس کی وجہ سے ظہور احمد شیخ ولد مقبول احمد شیخ زخمی ہو ا ۔ ایس ڈی ایم کرناہ کے مطابق تازہ گولہ باری کے نتیجے میں ایک پرائمری اسکول، مسجد شریف سمیت درجنوں مکانات کو جزوی جبکہ کئی دیہات میں گولہ باری کے نتیجے میں کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ تازہ گولہ باری کے نتیجے میں امروہی، براڑا، ٹاٹھ، سعدہ پورہ، دھنی، ہدیترا، اوپرا، چیرکونجی سمیت متعدد دیہات میں مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری ہلاک ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ واقعہ میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر آبادی کو نشانہ بنایا۔بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر خنجر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 51 سالہ شہری گفتار حسین ہلاک ہوگیا۔گفتار حسین جھمرہ گاؤں کا رہائشی تھا۔