اشرف چراغ
کپوارہ// کپوارہ کے سرحدی علاقوں میں فائر سروس سٹیشن نہ ہونے کی وجہ سے لوگو ں کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہیں جبکہ کرناہ سب ضلع میں فائر سروس کی تین گا ٖڑیا ں دستیاب تو ہیں لیکن ڈرائیور ایک ہے ۔اس علاقہ میں گزشتہ 2مہینو ں کے دوران متعدد ڈھانچے خاکستر ہوئے ہیں ۔ضلع میں جھاڑے کا موسم شروع ہوتے ہی آگ کی وارداتو ں میں تشویش ناک اضافہ ہوتا ہے لیکن ضلع کے کئی برفانی علاقوں جن میں مژھل ،جمہ گنڈ ،بڈنمل اور کیرن شامل ہیں ،کوئی بھی فائر سروس سٹیشن قائم نہیں ہے اور ان علاقوں میں آگ کی واردات سے تباہی مچ جاتی ہے ۔یہ دیہات شدید برف باری کے دوران ضلع صدر مقام سے کئی مہینو ں تک منقطع رہتے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران ایک معمولی چنگاری بھی تیزی سے بڑی تباہی میں بدل سکتی ہے اور پھر بھی آگ پر قابو پانے کے لئے کوئی تربیت یافتہ عملہ یا سامان دستیاب نہیں ہے ۔بڈنمل کے ایک مقامی شہری ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ انتہائی دشوار گزار ہے اور جب اس علاقہ میں برف باری ہوتی ہے تو سڑک کا رابطہ مکمل طور منقطع ہو جاتا ہے اور اگر اس دوران آتشزدگی کی کوئی واردات پیش آتی ہے، تو ان کے پاس آگ پر قابوپانے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے ۔اس دوران سب ڈویژن کرناہ میں گزشتہ دو ماہ کے دوران آتشزگی کے واقعات میں تشویش ناک اضافہ ہو گیا ہے ۔فائر سروس کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران آگ کے 20واقعات پیش آئے ہیں جن میں مجموعی طور 5کرو ڑ کی املاک کو نقصان پہنچ چکا ہے اور زیادہ تر متا ثرین انتہائی ٖغریب طبقوں سے تعلق رکھتے ہیں جن کے لئے اپنے آشیانے دوبارہ تعمیر کرنابہت مشکل ہے۔ اس کی تازہ مثال پراڈہ کر ناہ کی ہے، جہا ں گزشتہ ہفتہ ایک غریب خاتون کا مکان جل کر خاکستر ہوا اور بیوہ خاتون اپنے6بچو ں کے ساتھ بے گھر ہوگئی ۔ کرناہ میں گزشتہ دوماہ کے دوران متعدد ڈھانچے آگ کی واردات میں تباہ ہوئے ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کرناہ فائر سروس سٹیشن میں 3فائر ٹینڈر دستیاب تو ہیں لیکن ان کے لئے محض ایک ڈرائیور تعینات ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اگر دو فائر سروس ٹینڈر کو کرناہ کے دیگر علاقوں میں دستیاب رکھا جاتا تو اس بڑے علاقے میں آگ کی وردات کے دوران کوئی بڑا حادثہ رونما پیش نہیں آتا ۔کرناہ کے فائر سروس سٹیشن کو 1996میں قائم کیا گیا لیکن آج تک عملہ کی بھرتی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ضلع میں اس وقت 19فائر سروس سٹیشن قائم ہیں لیکن افراد ی قوت کی کمی کی وجہ سے کسی بھی آگ کی واردات کے دوران آگ بجھانے میں عملہ کو دقتو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری گائیڈ لائن کے مطابق ایک فائر سروس گا ڑی کے ساتھ 26نفری تعینات ہونی چایئے لیکن کپوارہ ضلع میں 19فائر سروس سٹیشنو ں میں گا ڑیو ں کے ساتھ محض 3یا 4نفری ہوتی ہے ۔ادھر ذرائع کے مطابق جمو ں و کشمیر میں 180فائر اسٹیشن قائم ہیں جن میں 80کے لئے عملہ کافی ہے اور 90ایسے اسٹیشن ہیں جہا ں افرادقوت کی کمی کا سامنا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ان180فائر سروس اسٹیشنو ں کے لئے3600ملازمین کی ضرورت ہے لیکن اس وقت محض 1800دستیات ہیں جو ایک بہت بڑا سوال ہے ۔