نئی دہلی// ہریانہ کے کرنال میں احتجاج کررہے کسانوں پر پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد افراد زخمی ہوئے ۔کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ کرنال میں اَن داتا کسان پر بے رحمی سے لاٹھی چارج کر کے ایک بر پھر جنرل ڈائر کی یاد دلا دی۔ پرامن طریقے سے مظاہرہ کر رہے کسانوں کو جانوروں کی طرح دوڑا دوڑا کر پیٹا گیا۔ درجنوں لہولہان ہو گئے ۔کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہریانہ حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی یہ کارروائی اس کے تابوت میں کیل کاکام کرے گی۔ادھرانڈین انقلابی مارکسی پارٹی (آرایم پی آئی) نے کسانوں پر پولیس کے ذیعہ کی گئی لاٹھی چارج کی مذمت کی ہے ۔آرایم پی آئی کے جنرل سکریٹری منگت رام پاسلا اورپنجاب راج کمیٹی کے صدر، سکریٹری رتن سنگھ رندھاوا اورپرگٹ سنگھ جامرائے نے ہفتہ کو یہاں جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ کسانوں کی جدوجہد کو ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعہ دبانے کی کوشش کی وزیراعظم نریندرمودی حکومت اور ہریانہ حکومت کو بھاری سیاسی قیمت چکانی پڑے گی۔