سرینگر// /شہر سرینگرکی بیشترسڑکیں جہاںکھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں وہیں کرن نگر علاقہ میںسڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے کرن نگرعلاقہ کو نظر انداز کیا ہوا ہے اور اکثر وبیشتر سڑکیں خستہ حال ہیں ،سڑکوں پر نہ صرف گہرے کھڈہیں بلکہ معمولی بارشوں کے نتیجے میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کا عبور ومرور مسدود ہو کر رہ جاتا ہے۔ کرن نگرعلاقے میں کی سڑکوںکی حالت ایسی ہے کہ وہاں جگہ جگہ گہرے کھڈموجود ہیں جس سے نہ صرف ٹرانسپوٹروں بلکہ عام شہریوں کو بھی عبور ومرور میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ بعض سڑکیں ایسی ہیں جن پر عرصہ دراز سے میگڈم نہیں بچھایا گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں وادی کا سب سے بڑا شفا خانہ ایس ایم ایچ ایس اورڈینٹل ہسپتال کے علاوہ کئی نجی ہسپتال اور کلینک بھی ہیں جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مریض علاج و معالجہ کیلئے آتے ہیں تاہم یہاں تک پہنچنے کے دوران گاڑیوں میںسفر کرنے کے دوران انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ریاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ کرن نگرمیں سڑکیں اس قدر خستہ ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے کئی چھوٹے حادثات پیش آئے ہیں اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ انہوںکہا ہے کہ متعلقہ محکمہ اُسی وقت سڑکوں کی مرمت کا کام انجام دیا جاتا ہے جب جموں و سرینگر دربار کی منتقلی قریب ہوتی ہے تاہم محکمہ عام لوگوں کو درپیش مشکلات کی طرف دھیان ہی نہیں دیتا ۔مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ مقامی تاجروں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ علاقہ میں سڑکوں کی مرمت کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔