حکومت کا کہیں نام و نشان ہی نہیں، عوام مشکلات سے دوچار: تنویر صادق
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے کل زڈی بل کے درجنوں علاقوں کے دورے کے دوران مختلف مقامات پر لوگوں سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کہیں نام و نشان ہی نہیں۔ شہر خاص کے میں آئے روز کرفیو اور بندشوں پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ ایک طرف حکومت عوام کو بنیادی ضروریات بہم پہنچانے میں ناکام ہوگئی ہے اور دوسری جانب آئے روز کرفیو کا نفاذ عمل میں لاکر یہاں کی آبادی کو مختلف نوعیت کے مسائل و مشکلات سے دوچار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز بندشوں اور کرفیو سے شہر کا کاروباری طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور اقتصادی بدحالی نے لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے جبکہ نوکریوں کی فراہمی میں بے جا سیاسی مداخلت جاری ہے۔ تنویر صادق نے کہا کہ آئے روز لوگ سڑکوں پر آکر بجلی، پانی اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی عدم دستیابی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔ اُن کے ہمراہ بلاک صدر مشتاق احمد بیگ بھی تھے۔