محمد بشارت
راجوری//جموں و کشمیر ڈیری کوآپریٹو یونین لمیٹڈ جو کسان پروڈیوسر آرگنائزیشنزکے لئے کلسٹر بیسڈ بزنس آرگنائزیشن کے طور پر کام کر رہی ہے، کی جانب سے کریشی وگیان کیندراراجوری میں ایف پی اوز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لئے ایک روزہ آگاہی و تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی پروگرام کا مقصد ایف پی اوز کی تنظیمی اور انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ، کوآپریٹو اصولوں کا فروغ، اور کسان تنظیموں میں رکنیت کے دائرے کو وسیع بنا کر ان کی مضبوطی کو یقینی بنانا تھا۔ یہ کیمپ نبارڈ اور این سی ڈی سی کی معاونت سے منعقد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے مختلف ایف پی اوز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر وکاس ڈوگرا، چیئرمین جموں و کشمیر ڈیری فیڈریشن کوآپریٹو لمیٹڈ و چیئرمین ‘‘اَنّتی (UNNATI)’’، سنیل چودھری (جے کے ڈی سی یو ایل – سی بی بی او)، ڈاکٹر اروند ایشر (چیف سائنٹسٹ و سربراہ کے وی کے راجوری)، اور ایف پی اوز کے نمائندگان فاروق انقلاب، عبدل قیوم اور سجاد احمد نے شرکاء سے تبادلہ خیال کیا۔مقررین نے ایف پی اوز کی پائیداری کے لئے شفافیت، اجتماعی شرکت، اور مارکیٹ کے ساتھ مؤثر روابط پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ماڈل کے تحت کسان اپنی پیداوار، مارکیٹنگ اور آمدنی میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں۔اسسٹنٹ رجسٹرار، کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ راجوری اور دیگر نگرانان نے لیکچر دیتے ہوئے کوآپریٹو اداروں کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔اپنے خطاب میں وکاس ڈوگرا نے کہا کہ ایف پی اوز کو اپنی رکنیت بڑھانے، ایمانداری اور شفافیت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعاون اور اجتماعی قوت کے ذریعے ہی کسانوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔