بھدروہ//گاڑیوں میں طلبا کو رعایت نہ دینے کے خلاف بھدرواہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلاب اور گرلز ہائر سینکڈری سکول کی طالباتنے قصبہ کے جائی روڈ پر ایک احتجاجی مُظاہرہ کرکے گاڑیوں کی نقل و حرکت میں رخنہ ڈالا ،جس کی وجہ سے شاہراہ پر تقریباً دو گھنٹوں تک ٹریفک میں خلل پڑی۔منتھلا، چنٹا، بھالرا،کاپرا، چنچھورا اور خالو دیہات کے طلاب سڑکوں پر آئے اور انتظامیہ و ٹرانسپورٹروں کے خلاف احتجاجی مُظاہرہ کیا۔ ان سٹوڈنٹس کا الزام ہے کہ میٹا ڈار اور سومو آپریٹر انکو کرایوں میں رعایت نہیں دیتے ہیں اور طلاب کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتے ہیں۔ان کا یہ بھی الزام ہے کہ یہ آپریٹرس اُن سے زیادہ کرایہ وصول کرتے ہیں اور بعض اوقات کنڈکٹر اُنکو گاڑیوں سے نیچے دھکیلتے ہیں۔احتجاج کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک قصبہ میں گاڑیوںکا بھاری جام لگ گیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ طالبات کے ساتھ بھی یہ بدتمیزی سے پیش اتے ہیں اور اُن سے پورا کرایہ وصول کرتے ہیں۔طلبا مقامی انتظامیہ، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ،ایس پی ٹریفک اور ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرر ہے تھے۔احتجاجی طلاب نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر انکے مسلہ کا حل نہیں کیا گیا تو وہ تمام شاہراہوں اور لنک روڈوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت میں روکاوٹ ڈالیں گے۔ بعد ازان ایگزیکٹو مجسٹریٹ معصود احمد پولیس کے ہمراہ جائے موقع پر پہنچے اور احتجاجی سٹوڈنٹس کو یقین دلایا کہ وہ انکے مطالبہ کو حل کریں گے ،جس کے بعد طلبا نے احتجاجی دھرنا ختم کر دیا ۔ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے کہا کہ وہ طلبا کے ساتھ کسی بھی بدتمیزی کو برداشت نہیں کریں گے۔اُنہوں نے احتجاجی طلبا سے کہا کہ اُنہوںنے ٹرانسپورٹروں اور آپریٹروں کو اپنے دفتر طلب کیا ہے ۔ اور اگرکسی کو بھی طلبا کے ساتھ بدتمیزی کرنے یا زیادہ کرایہ وصول کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اُسکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے طلباکے لئے خصوصی بس چلانے کا بھی اعلان کیا۔