محمد تسکین+عازم جان
بانہال+بانڈی پورہ// پولیس سٹیشن رام بن میں تعینات پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد رفیق نائیک ریبیز (Rabies)کی تشخیص کے 3ماہ بعد فوت ہوئے۔محمد رفیق نائیک کو 11 مئی کے روز رام بن کے میتراہ علاقے میں دوران ڈیوٹی ایک کتے نے کاٹا تھا۔ تین مہینے کے بعد گزشتہ دنوں ڈاکٹروں نے محمد رفیق نائیک میں ریبیز کی تشخیص کی اور اسے علاج و معالجہ کیلئے ایمز نئی دہلی روانہ کیا گیا لیکن اسے وہاں سے لا علاج کر کے واپس گھر بھیج دیا گیا۔ جموں پہنچنے پر محمد رفیق نے جمعہ کی صبح دم توڑدیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کتے کے کاٹنے کے بعد محمد رفیق نائیک نے ریبیز کے لازمی انجکشنوں میں دو ہی لگائے تھے۔جمعہ کی شام محمد رفیق کو نماز جنازہ کے بعد ان کے آبائی قبرستان نیل میں سپرد خاک کیا گیا۔ادھرارن بانڈی پورہ کا شہری پندرہ روز بعدصورہ ہسپتال میں چل بسا۔ غلام محمد وانی ولد غلام رسول وانی ( 50) پندرہ روز قبل میوہ باغ میں گاس کاٹنے گیا تھا، جس دوران وہاں موجود ریچھ نے جھپٹ کر اسے بری طرح لہولہان کردیا۔ غلام محمد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ کے بعد صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا اور 15روز بعدوہ زندگی کی جنگ ہار گیا۔ اسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ نے پانچ ہزار روپیہ ریڈکراس فنڈ سے پسماندگان کو دیئے۔