دوسرے ممالک پر جتنا زیادہ انحصار ہوگا، ناکامی اتنی ہی زیادہ ہوگی:مودی
یو این آئی
بھاؤ نگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان جیسے وسیع ملک کا مستقبل دوسروں پر نہیں چھوڑا جا سکتا، انہوں نے دوسرے ممالک پر انحصار کو ملک کا سب سے بڑا دشمن اور عزت نفس پر کاری ضرب قرار دیا۔ اپنی آبائی ریاست گجرات کے بھاؤ نگر میں “سمندر سے خوشحالی” کے موضوع پر ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے یہ بھی کہا کہ بیرونی ممالک پر انحصار کی وجہ سے ہندوستان آج ہر سال دیگر ممالک کو شپنگ چارجز کی مد میں 75 بلین ڈالر (6 لاکھ کروڑ روپے ) ادا کرتا ہے ، جو کہ ملک کے دفاعی بجٹ کے تقریباً برابر ہے ۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان عالمی بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ، دنیا میں ہمارا کوئی بڑا دشمن نہیں ہے ، حقیقی معنوں میں اگر ہمارا کوئی دشمن ہے تو وہ دوسرے ممالک پر ہمارا انحصار ہے اور ہمیں مل کر ہندوستان کے اس دشمن، انحصار کے دشمن کو شکست دینا ہوگی۔ مسٹر مودی نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا جب عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی عدم استحکام بڑھ رہا ہے اور دنیا تحفظ پسندی اور من مانی اقتصادی پابندیوں کے چکر میں پھنس رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “اگر ہم دوسروں پر انحصار کرتے رہے تو ہماری عزت نفس مجروح ہو گی۔ ہم 1.4 بلین شہریوں کا مستقبل دوسروں پر نہیں چھوڑ سکتے ۔ ہم ملک کی ترقی کے عزم کو دوسروں کے انحصار پر نہیں چھوڑ سکتے ۔ ہم آنے والی نسلوں کے مستقبل کو داؤ پر نہیں لگا سکتے ۔” قابل ذکر ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی کشیدگی کے درمیان مسٹر مودی مسلسل ملک سے سودیشی اور خود انحصاری کو ایک مشن کے طور پر اپنانے کی اپیل کر رہے ہیں۔ آج انہوں نے غیر ملکی انحصار کو ناکامی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک پر جتنا زیادہ انحصار ہوگا، ناکامی اتنی ہی زیادہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک کو خود انحصار کرنا ہوگا۔ ایک گجراتی کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”100 مصیبتوں کا ایک ہی علاج ہے اور وہ ہے خود انحصار ہندوستان”۔ اس کے لیے ہمیں چیلنجوں کا سامنا کرنا ہوگا… اب ہندوستان کو خود انحصار بننا چاہیے اور دنیا کے سامنے مضبوط کھڑا ہونا چاہیے ۔” انہوں نے ملک کی موجودہ صورتحال کے لیے کانگریس کی طویل حکومت کی پالیسیوں کو بھی ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد کانگریس نے ہندوستان کی تمام صلاحیتوں کو نظر انداز کیا۔ پہلی چھ سات دہائیوں تک ہندوستان وہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا جس کا وہ حقدار تھا۔ لائسنس کوٹہ راج نے ہندوستان کو عالمی منڈی سے الگ تھلگ کر دیا اور جب عالمگیریت کا دور آیا تو صرف درآمدات کو اپنایا گیا اور اس میں بھی ہزاروں کروڑ روپے کے گھپلے کیے گئے ۔ ان پالیسیوں نے ہندوستان کی حقیقی طاقت کو ظاہر ہونے سے روک دیا۔