بھدرواہ //بلاک کانگریس کمیٹی گندو نے محکمہ بجلی کے خلاف گندوہ میں بجلی کی ناقص سپلائی کے خلاف احتجاج میں شرکت کی۔مقامی لوگوں کی جانب سے علاقہ میں بجلی کی بغیر شیڈول کٹوتی، بلوں میں غیر ضروری اضافہ کے خلاف احتجاج کیا گیا ،جسکا اہتمام مین مارکیٹ گندومیں سابقہ وزیر بجلی و پی سی سی ممبر محمد شریف نیاز کیا گیا تھا۔مظاہرین نے محکمہ بجلی اور مخلوط سرکار کی جانب سے انکے مسائل حل کرنے میںناکام رہنے کے خلاف نعرے بلند کئے ۔سابقہ وزیر بجلی و ممبر پی سی سی محمد شریف نیاز نے کہا ہے کہ بغیر شیڈول کٹوتی سے ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے اور ہمیں احتجاج کے لئے مجبور کیا جا تا ہے کیونکہ محکمہ ہماری پریشانیوں کے حل کیلئے کوئی قدم نہیں اُٹھا رہا ہے، اسکے علاوہ بلوں میںغیر ضروری اضافہ سے ہمارے مشکلات بڑھ گئے ہیں۔مظاہرین کا الزام تھا کہ باوجود باقاعدہ طور سے بجلی کی بلیں ادا کرنے کے ہمیں بجلی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کئی بار حُکام سے اس بارے میں شکایت کی ہے لیکن کوئی حل نہیں ہوا ہے۔مظاہرین کا یہ بھی الزام ہے کہ علاقہ میں بغیر شیڈول کے بجلی کٹوتی اب ایک معمول بن گیا ہے ،جو کہ میٹر والے علاقوں میں زیادہ ہے۔ان لوگوں نے سرکار سے بجلی کی سپلائی میں سدھار لانے اور بجلی بلوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مظاہرین میں اوم پرکاش پریہار، عاشق شیخ، یاسر خان، مہندر سنگھ ،چودھری حاکم دین، رنجیت سنگھ،عبداللطیف بٹ، شاہ محمد، ،محمد عباس راتھر ،الطاف ملک اور نصیب سنگھ بھی شامل تھے۔