عظمیٰ نیوز سروس
کانپور //اتر پردیش کے کانپور دیہات ضلع میںترقیاتی کاموں کی جائزہ میٹنگ کے دوران اس وقت ہنگامہ کھڑا ہو گیا جب بی جے پی کے موجودہ رکنِ پارلیمنٹ دیویندر سنگھ بھولے اور سابق رکن پارلیمنٹ انل شکلا وارسی آپس میں الجھ گئے۔ ضلع مجسٹریٹ دفتر کے میٹنگ ہال میں منعقدہ ’دِشا‘ (ضلع ترقیاتی ہم آہنگی و نگرانی کمیٹی) کی میٹنگ کا مقصد مختلف سرکاری اسکیموں کے نفاذ اور جاری کاموں کا جائزہ لینا تھا لیکن اجلاس کا ماحول جلد ہی تلخ بحث میں تبدیل ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق، میٹنگ شروع ہوتے ہی سابق رکنِ پارلیمنٹ انل شکلا وارسی نے موجودہ ایم پی دیویندر سنگھ بھولے پر کمیٹی کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھولے اپنے قریبی لوگوں کو زبردستی کمیٹی میں شامل کروا رہے ہیں، جو مقامی تاجروں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں، جھوٹے مقدمات درج کرواتے ہیں۔