کپوارہ کاڈائری یونٹ 35لڑکیوں کیلئے روزگار کا ذریعہ
اشرف چراغ
کپوارہ//ہندوارہ سے تعلق رکھنے والی جو اں سال خاتون آمنہ رشید ضلع میں خواتین کی بااختیاری میں ایک مثال بن چکی ہیں ۔مذکورہ خاتون نے ایک ڈائری یونٹ قائم کرکے گزشتہ ایک سال کے دوران درجنو ں خواتین کو روز گار فراہم کیا ہے ۔آمنہ رشید نے 2024میں فارمرس پرو ڈوسر آر گنائزیشن کے نام سے ایک ڈائری کی بنیاد ڈالی۔یونٹ کی باضابطہ رجسٹریشن کرنے کے بعد اس خاتون نے کام کاج شروع کیا جو آہستہ آہستہ روزگار کا ایک پلیٹ فارم بھی ثابت ہوا۔اس کام کیلئے محکمہ انیمل ہسبنڈی نے آمنہ رشید کا بھر پور ساتھ دیا تاکہ وہ اپنے پیرو ں پر کھڑا ہو ۔آمنہ نے محض ایک سال میں ہی اپنا لوہا منوایا اورکامیابیو ں کی بلندیو ںکو چھو گئی ۔باکی آکر راجواڑ میں قائم اس ڈائری یونٹ میں ایک دن میں 500لیٹر دودھ جمع ہوتے ہیں اور اس کیلئے با ضابطہ کئی خواتین کو کام ملا ۔آمنہ کا کہنا ہے کہ ہر روز 500لیٹر دودھ جمع کرنے کے بعد اس سے دہی، گھی،مکھن اورپنیر کو تیار کر کے کپوارہ کے مختلف مقامات پر فرو خت کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نزدیکی علاقوں میں صبح و شام دودھ بھی سپلائی کرتی ہے تاکہ ان کے کارو بار میں مزید ترقی ہو ۔انہوں نے کہا کہ ایک مہینے میں اس ڈائر ی سے ان کو قریب 1لاکھ روپے کی آمدن ہوتی ہے جس کے نتیجے میں وہ اپنے گھر کے ساتھ ساتھ ڈائری میں تعینات 35لڑکیو ں کو روز گار فراہم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 180لڑکیو ں نے اُن کے یونٹ میں رجسٹریشن کرائی ہے جن کو روز گار فراہم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔آمنہ رشید کا کہنا ہے کہ اس تیز رفتاردنیا میں وہ معاشرے ہی کامباب ہیں جو اپنے تما م وسائل کو بروئے کار لا تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی معیشت میں شمولیت اور مالی خواندگی نہ صرف ان کی ذاتی ترقی ثابت ہوتی ہے بلکہ پورے معاشرے اور علاقہ کی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا’’ میرا ذاتی روزگار تو واقعی اس یونٹ کے ساتھ براہ راست وابستہ ہے تاہم خواتین کو با اختیار بنانا میری ترجیح ہے ‘‘ ۔