سرینگر //مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ کالے قوانین اور بے بنیاد و من گھڑت الزامات کے تحت ہزاروں بزرگ و جوان کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالنا محض سیاسی انتقام گیری ہے۔ کشمیری میں بلا روک ٹوک جاری قتل عام خاص طور پر جوانوں کی نسل کشی کشمیری قوم کی مزاحمت کو شکست دینے کی مذموم سازش ہے ۔قائدین نے کہا کہ سیکڑوں بزرگ و جوان ہیں جو بھارت کی جیلوں سے لیکر جموں کشمیر کی جیلوں میں کئی دہائیوں سے قید میں پڑے ہوئے ہیں۔ ہزاروں ہیں جن کو فرضی کیسوں میں ٹرائل پر رکھا جارہا ہے اور سالہاسال سے ضمانت بھی نہیں دی جارہی۔ بیسیوں ایسے ہیں جو عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور ہزاروں ایسے ہیں جو کالے قوانین کے تحت بند پڑے ہیں۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ کچھ عرصے سے کشمیر کو ایک بدترین قتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے اور یہاں کسی کی بھی جان و مال یا عزت آبرو محفوظ و مامون نہیں ہے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ 13؍جنوری کو مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی جائے۔