اسلام آباد// پاکستانی حکام کا دعویٰ ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ماتحت محکمہ اوقاف نے وفاقی دارالحکومت میں کالعدم تنظیموں کے زیر انتظام مساجد و مدارس کا انتظام سنبھال لیا۔ محکمہ اوقاف نے ان مساجد کو مدارس کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قریب 80افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ جن مساجد و مدارس کا انتظام سنبھالا گیا ان میں مسجد قبا، مدرسہ خالد بن ولید، مدرسہ ضیاالقرآن، مدنی مسجد اور علی اصغر مسجد شامل ہیں، یہ تمام مساجد و مدارس وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں واقع ہیں۔محکمہ اوقاف نے مساجد کے نئے امام اور خطیب مقرر کردیے ۔دوسری جانب حکومتی احکامات کی روشنی میں راولپنڈی میں کالعدم جماعت الدعوہ کی 2 ڈسپنسریز، ہسپتال اور مدرسے کو سیل کردیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی سربراہی میں جماعت الدعوہ کے چاکرہ اور اڈیالہ روڈ پر قائم ابوبکر ہسپتال، مدرسہ اور 2 فلاحی ڈسپنسریوں کو سیل کردیا گیا ہے، تاہم کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوہ سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کی تنصیبات کی مکمل فہرست تیار کرلی گی ہے جہاں کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں سیف اللہ لودھی روڈ پر جماعت الدعوہ کا مرکز القدس اور اس میں قائم ڈسپنسری بھی سرکاری تحویل میں لے لی۔انتظامیہ نے ڈسپنسری پر محکمہ صحت پنجاب کا سبز بورڈ لگادیا جبکہ فلاح انسانیت فاونڈیشن کی ایمبولینس کو بھی تحویل میں لے لیا۔ادھرمشیر وزیراعلیٰ سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت کے تحت چلنے والے مدارس اور فلاحی ادارے سندھ حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں، اب یہ ادارے سندھ حکومت کے زیر نگرانی چلائے جائیں گے۔