نیوز ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر محکمہ اعلیٰ تعلیم نے ایک کالج پرنسپل کی بدتمیزی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ان پر سول سروس رول 30 کا اطلاق عمل میں لاکر اسے سخت انتباہ جاری کردیا ہے۔محکمہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج پٹن کے پرنسپل پروفیسر طارق عشائی کے خلاف قاعدہ 30 (i) “سول سروس (درجہ بندی، کنٹرول، اور اپیل) رولز 1956 کے تحت سرزنش کی ہے۔ محکمہ نے انچارج پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پٹن کو کلسٹر یونیورسٹی سرینگر (سی یو ایس) میں ان کے بد سلوکی کے لئے لگائے گئے سنگین الزامات پر منسلک کیا تھا۔کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کے تعلیمی امور کے ڈین کی طرف سے تحریری شکایت پیش کرنے کے بعدمحکمہ کی طرف سے منسلکہ آرڈر جاری کیا گیا۔اس کے بعد، ایچ ای ڈی نے انکوائری کا حکم دیا، اور پروفیسر طارق عشائی کو انکوائری کے نتائج تک انتظامی محکمہ، سول سیکرٹریٹ، جموں سے منسلک کر دیا گیا۔ایڈیشنل سکریٹری ایچ ای ڈی، سشیل کمار کھجوریا کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔حکم نامے کے مطابق انکوائری افسر نے انکوائری رپورٹ اس سفارش کے ساتھ جمع کرائی ہے کہ پروفیسر طارق عشائی نے کرسی کا تقدس برقرار نہیں رکھا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’سول سروس (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) رولز 1956 کے رول 30 کے تحت اس طرح کی سخت وارننگ یعنی منفی حالات میں بھی ایسی حرکتوں سے باز رہنے کے مشورے کے ساتھ جاری کیا جا سکتا ہے اور مستقبل میں محتاط رہنا چاہیے۔‘‘ “تاہم، متاثرہ، پروفیسر خورشید احمد کنٹرولر CUS کو بھی ایسی حرکتوں سے باز رہنے کی تلقین کی جا سکتی ہے جو اشتعال انگیزی کا باعث بن سکتی ہیں”۔