پسی سے متاثر ہوئے لوگوں کی باز آباد کاری حکومت کی ترجیحات میں شامل :عمر عبداللہ
جاوید اقبال
مینڈھر //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع پونچھ کے کالابن علاقے کا دورہ کیا تاکہ زمین دھنسنے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے سکیں۔ اس موقع پر وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و قبائلی امور جاوید رانا، ڈپٹی کمشنر پونچھ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر اعلیٰ نے ذاتی طور پر متاثرہ مقام کا معائنہ کیا اور مقامی لوگوں و متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کے لئے 38 لاکھ روپے کی امداد منظور کی، جو کہ پہلے سے منظور شدہ 50 لاکھ روپے (اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تحت) کے علاوہ ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ عوام کی تکالیف کم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔اپنی گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس سال شدید بارشوں کے باعث جموں و کشمیر کے تقریباً ہر ضلع میں بنیادی ڈھانچے اور نجی جائیداد کو نقصان پہنچا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت پہلے دن سے عوام کی مدد میں مصروف ہے اور حال ہی میں ایک مرکزی ٹیم نے جموں و کشمیر کا دورہ کر نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کو بھی پنجاب، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کی طرز پر ایک ریلیف پیکیج فراہم کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ کے اس دورے اور اعلان سے متاثرہ خاندانوں کو بڑی راحت ملی ہے اور مقامی عوام نے حکومتی اقدام کا خیر مقدم کیا۔