عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں ان پارٹی کارکنوں کے نام درج ہیں، جنہیں ہفتہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔پارٹی امیدوار آغا روح اللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے خط میں کہا ہے”میں جاری انتخابی مدت کے دوران مقامی پولیس کے ذریعہ نیشنل کانفرنس کے متعدد کارکنوں کی حالیہ غیر قانونی حراست کے بارے میں اپنی شدید تشویش کا اظہار کرنے کے لئے لکھ رہا ہوں۔ ان کے آزادانہ نقل و حرکت اور اسمبلی کے بنیادی حقوق کی یہ کھلم کھلا خلاف ورزی نہ صرف جمہوریت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہے بلکہ انتخابی عمل کی سالمیت کو بھی نقصان پہنچاتی ہے‘‘۔مہدی نے کہا کہ اس طرح کی “من مانی نظربندیاں” جمہوریت میں حصہ لینے کی آئینی ضمانت کی خلاف ورزی کرتی ہیں اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو نقصان پہنچائی گی۔انہوں نے کہا”یہ ضروری ہے کہ اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ہراساں کیے جانے یا دھمکی کے خوف کے بغیر انتخابی عمل میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں‘‘۔انکا کہنا تھا کہ میں الیکشن کمیشن پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس سنگین معاملے کو حل کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جمہوری عمل کی غیر جانبداری اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جانا چاہیے، اور ان اصولوں کو مجروح کرنے والے کسی بھی اقدام کو فوری طور پر درست کیا جانا چاہیے۔