سرینگر// کشمیر ٹریڈ الائنس نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اوقات کار کے دوران صنعتی یونٹوں اور دکانوں کو بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے۔ الائنس نے کہا کہ بجلی کی غیر معقول فراہمی اور کم وولٹیج ان کے کاروبار کو متاثر کررہی ہے۔ کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدار نے کہا،’’صنعتی اکائیوں ،تاجروں ، دکانداروں اور تجارت پیشہ افراد کو دن میں کم وولٹیج کے علاوہ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال کووِڈ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پہلے ہی پیدا ہونے والی پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ شہدار نے کہا کہ ایسے وقت میں جب معیشت پہلے ہی سست رفتاری سے چل رہی ہے ، بجلی کی ناقص فراہمی ہماری پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بغیر کسی تاخیر کے بلاخلل بجلی فراہم کرے۔شہدار کا کہنا تھا’’سردیوں کے آغاز سے ہی بجلی سپلائی کے نظام الاوقات میں کمی واقع ہوئی۔ ‘‘ کشمیر ٹریڈ الائنس نے حکومت سے درخواست کی کہ کاروباری علاقوں میں دن میں بغیر کسی تاخیر کے بلاخلل بجلی فراہم کی جائے۔