جاوید اقبال
مینڈھر//جل شکتی، قبائلی امور، جنگلات اور ماحولیات کے وزیر جاوید احمد رانا نے اپنے آبائی حلقہ مینڈھر کے مختلف حصوں کا ایک مکمل دورہ کیا۔دورے کے دوران، وزیر نے ترقیاتی ضروریات اور مقامی لوگوں کی خواہشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ ان کی شکایات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہمراہ افسران سے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں ان اہم عوامی اہمیت کے کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔رانا نے کہا کہ حال ہی میں بننے والی حکومت عوام کی ترقی کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس بات کا خیال رکھتی ہے کہ کوئی بھی اس کی بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہے اور سب کی یکساں خدمت کی جائے۔اپنے دورے کے دوران مختلف وفود اور افراد نے وزیر سے ملاقات کی۔ وزیر نے جن علاقوں کا دورہ کیا ان میں اچھاد، کنیٹی، جگال، چھترال اور کالابن اور حلقے کے ملحقہ حصوں کا دورہ کیا ۔ان مقامات پر بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر نے عوام کی ان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں ترقی اور خوشحالی لانے کے لئے انتہائی جوش اور جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی تمام شکایات اور خدشات کو فوری طور پر دور کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمر کی قیادت والی حکومت آنے والے سالوں میں یقیناً تبدیلی اور ترقی لائے گی اور ہم عوام کی خدمت کے لئے اجتماعی طور پر محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔مینڈھر کے مقامی لوگوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ نظام ان کی ترقیاتی ضروریات اور خواہشات پر پورا اترے گا۔دریں اثنا، وزیر نے مقامی اسکول کا بھی دورہ کیا اور طلباء ، عملے کے ارکان سے بات چیت کی اور ادارے میں طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر نے فیکلٹی اور اسکول انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بہتر نتائج کے لئے اسکول میں سیکھنے اور پڑھانے کی تمام جدید تکنیکوں کو بہترین طریقے سے لاگو کیا جائے۔