نئی دہلی// وزیر اعظم نریندرمودی کی سربراہی میں مرکزی کابینہ نے ہند اور اسرائیل کے مابین مشترکہ فلم سازی سے متعلق معاہدے کو منظوری دے دی ہے ۔اس معاہدہ پر اسرائیل کے وزیراعظم مسٹر نیتن یاہو کے دورہ ہند کے دوران 15 جنوری ، 2018 کو نئی دلّی کے حیدر آباد ہا¶س میں دونوں وزراءاعظم کی موجودگی میں دستخط کئے گئے تھے ۔ ہندوستانی فلم کی مشترکہ فلم سازی کا مطلب ہے کہ ہندوستانی فلم ساز بین اقوامی سطح پر صلاحیت ، اسکرپٹ اور بین الاقوامی فنڈ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ مذکورہ معاہدے کے تحت مشترکہ فلم سازی کے شعبے میں ہند اور اسرائیل دونوں تخلیقی ، فنکارانہ ، تکنیکی ، مالی اور مارکیٹنگ وسائل کے سلسلے میں ایک مشترکہ پول پر بھی عمل در آمد کریں گے ۔ اس مشترکہ فلم سازی معاہدے کے تحت آرٹ اور ثقافت کے باہمی تبادلے ، فلمیں تیار کرنے کے ساتھ مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان بہتر مفاہمت اور ہم آہنگی کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ یہ معاہدہ فنکارانہ اور تکنیکی عملے کے ساتھ ساتھ غیر تکنیکی ملازمین کے لئے بھی روزگار کا باعث ہو گا۔یو این آئی