عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون جا کر صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے صدر مرمو سے ملاقات کے ٹھیک دو دن بعد ہوئی ہے، جس کے باعث مرکزی کابینہ میں متوقع ردوبدل اور تنظیم نو کی قیاس آرائیوں میں تیزی آ گئی ہے۔اس ملاقات کو سیاسی حلقوں میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی اہم وجوہات حال ہی میں راج سبھا کی مدت ختم ہونے کے بعد کچھ وزراءکو دوبارہ نامزد نہیں کیا گیا، جن میں جارج کورین (سابق وزیر مملکت برائے اقلیتی امور) اور روینیت سنگھ (وزیر مملکت برائے ریلوے) کے استعفے شامل ہیں۔بی جے پی قیادت نے کئی مرکزی وزراء کو ان کی آبائی ریاستوں میں اہم تنظیمی عہدے سونپے ہیںسیاسی ماہرین کے مطابق، ان بیک ٹو بیک ملاقاتوں اور تبدیلیوں کا مقصد آئندہ سال اتر پردیش سمیت دیگر اہم ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کی تیاری اور حکومتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات کابینہ میں ردوبدل کی شدید قیاس آرائیوں کے درمیان ہوئی ہے۔ یہ میٹنگ پدم ایوارڈز کے لیے سول انویسٹچر تقریب کے فوراً بعد ہوئی، جس نے اسے اور بھی اہم بنا دیا کیونکہ دہلی کے سیاسی حلقوں میں کابینہ میں ردوبدل کے امکان کے بارے میں بحثیں چل رہی ہیں۔