سرینگر // وادی میں موسم کی دگرگوں صورتحال کے بیچ شہر سرینگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں بعد دوپہر تیز بارش اور اولوں کی برسات ہوئی جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں ہر طرف سفید موتی کے مانند اولے دکھائی دے رہے تھے ۔سی این آئی کے مطابق وادی میں موسم کی دگرگوں صورتحال کے بیچ جہاں شبانہ بارش کے بعدشہر سرینگر میں دن بھر موسم بہتر رہا تاہم بعد از عصر شہر سرینگر میں شدید بارش کے ساتھ اُولے گرے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی بھاری بھرکم اُولے گرنے کی اطلاعات ہیں ۔ شدید بارش اور اُولوں گرنے سے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ۔سرحدی قصبہ اوڑی کے کئی دیہات میں بدھ کو قریب پانچ بجکر 10 منٹ پر ژالہ باری شروع ہوئی، جو قریب بیس منٹ تک جاری رہی۔جس کی وجہ سے اوڑی کے کئی دیہات جن میں گھر کوٹ، ناملہ، ہتھ لنگہ، صورہ، چرنڈہ، سکھدار، کملکوٹ وغیرہ شامل ہیں،میں میوہ باغات کو شدید نقصان ہوا ہے۔ادھر ٹنگمرگ میں بدھ شام موسم اچانک خراب ہونے اور تیز بارشوں کے بعد زبردست ژالہ باری ہوئی جس سے ناشپاتی اور گلاس کے شگوفے زمین پر گر آئے جبکہ سبزی کی کاریاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔ٹنگمرگ میں سر شام آسمان پر کالے بادل چھانے کے ساتھ ہی اچانک زوردار بارشوں کے ساتھ خوفناک ژالہ باری ہوئی جبکہ بادلوں کے ٹکرانے کی گن گرج سے لوگ خوف زدہ ہوکر گھروں میں سہم گئے ۔شدید ژالہ باری سے مہاین فیروزپورہ ،درنگ ،قاضی پورہ ،سون سولندہ ،کٹی پورہ، ہری اوٹنو ،چھانہ پورہ، مرچی پورہ اوردرورو میں ناشپاتی اور گلاس کے شگوفے ٹہنیوں سے الگ ہو کر زمین پر گر آئے جبکہ سبزی کی کاریاں مکمل طور تباہ ہوگئی۔