سرینگر//صوبائی کمشنر بصیر احمد خان کی صدارت میں منعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں ڈینگو اورسوائین فلو (وبائی زکام) پر روک تھام کیلئے کئے جارہے اقدامات کاجائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ سرکار صوبائی کمشنر کی صدارت میں ایک خصوصی ٹاسک فورس کا قیام عمل میںلارہی ہے تاکہ وادی میں ڈینگو اورسوائین فلو کے پھیلائو پر روک لگائی جاسکے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ٹاسک فورس کے ممبر سیکریٹری ہیں۔جب کہ ترقیاتی کمشنر سرینگر،پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر،ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر،کمشنر ایس ایم سی سرینگر،ڈائریکٹر اسٹیٹس کشمیر سٹیٹ پیڈ میلوجسٹ اینڈ سٹیٹ میلرالیو جسٹ،جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ،ڈائریکٹر دوردرشن کشمیر ،ڈائریکٹر ریڈیو کشمیر اورتمام ضلع ترقیاتی کمشنراں خصوصی ٹاسک فورس کے ممبران ہوں گے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے اور سرکار نے پہلے ہی تمام معروف اخبارات کے ذریعے ایڈوائزری جاری کی ہے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ایڈوائزیری پر من وعن عمل کریں۔صوبائی کمشنر نے کشمیر تمام ضلع ترقیاتی کمشنر وں کو اپنے متعلقہ اضلاع میںمیٹنگوں کا انعقاد کرنے اورمسئلہ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوںنے اس مقصد کے لئے سی ایم اوا ورضلع صحت آفیسر کے علاوہ تمام بی ایم زووز پر مشتمل ضلع سطح کی ٹیمیں تشکیل دینے اور سکولوں،کالجوں،سرکاری دفاتر،خصوصاً ایس ایم سی اورڈسٹرکٹ پولیس لائینز میںمرحلہ وار طریقے سے بیدار ی کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے اساتذہ اور مقامی رضاکار تنظیموں کی خدمات بھی حاصل کرنے پر زوردیا۔انہوںنے دوردرشن،ریڈیو،ایف ایم چینلوں اور لوکل کیبل نیٹ ورک کے ذریعے بھی ڈینگو اور سوائین فلو پر روک تھام کے لئے پروگراموں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی۔