محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے علاقے ڈینگلہ میں ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک ٹاٹا موبائل (رجسٹریشن نمبر JK08F-7490) بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے جا گری۔عینی شاہدین کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے اچانک بے قابو ہو گئی، جس کے نتیجے میں یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک شخص کو مردہ قرار دیا، جبکہ دوسرا زیر علاج ہے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی ڈینگلہ سے پونچھ کی طرف جا رہی تھی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت رفیق ملک سکنہ ڈینگلہ پونچھ کے طور پر کی گئی ہے، جو ایک معروف سماجی کارکن اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے علاقے میں افسوس اور صدمے کی فضا چھا گئی ہے۔مقامی عوام اور سماجی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔