عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ، اشوک کمار شرما نے آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت تین روزہ مفت آئی سرجری کیمپ کا افتتاح کیا۔ یہ کیمپ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) و ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کے اشتراک سے پرتیم اسپریچوئل فاؤنڈیشن اور ضلع انتظامیہ پونچھ کی فعال مدد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع کے مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے 30 مریضوں کو مفت موتیا بند اور دیگر آنکھوں کی سرجری کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ ان میں سے پہلے 15 مریضوں کا گروپ تفصیلی معائنہ اور بعد ازاں آپریشن کے لئے جی ایم سی راجوری روانہ کیا گیا ہے، جہاں یہ کارروائیاں پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر امریندر سنگھ بھاٹیہ اور انچارج آیوشمان بھارت، سریش کی نگرانی میں انجام دی جائیں گی۔پرتیم اسپریچوئل فاؤنڈیشن کی جانب سے مریضوں کے لئے آمد و رفت اور کھانے پینے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔یہ اقدام حکومت اور سماجی تنظیموں کے مشترکہ عزم کی علامت ہے جو دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔