موہالی/ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے موہالی میں آسٹریلیا سے چوتھا ون ڈے ہارنے کے بعد امپائر ریویو سسٹم (ڈی آر ایس ) کو لے کر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں تسلسل کا واضح فقدان ہے ۔ پنجاب کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں ہندستانی ٹیم کو چار وکٹ سے شکست کھانی پڑی تھی جس کے بعد ٹیم پانچ میچوں کی سیریز میں 2-2 کی برابری پر آ گئی ہے ۔ ہندوستانی کپتان نے میچ کے بعد ایشٹن ٹرنر کو لے کر ریویو پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے ڈی آر ایس نظام پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈی آر ایس ہر میچ کے ساتھ مسئلہ بنتا جا رہا ہے ۔ اس میں تسلسل کا فقدان ہے ۔ ہمارے لیے وہ فیصلہ کن لمحہ تھا اور اس کے ہاتھ سے نکلنے کے ساتھ میچ بھی ہمارے ہاتھ سے چلا گیا۔ اسپنر یجویندر چہل نے آسٹریلیا کی اننگز کے 44 ویں اوور میں گیند کو آف اسٹمپ کے باہر پھینکا اور ایشٹن اسٹمپس آؤٹ ہونے سے بچنے کیلئے بھاگے اور چوک گئے ۔ وکٹ کے پیچھے کھڑے رشبھ پنت نے کچھ لڑکھڑانے کے بعد گیند سے گلیا ں اڑا دیں اور اسٹمپنگ اپیل پر تیسرے امپائر کا سہارا لیا گیا جبکہ پنت نے کپتان وراٹ کو ڈی آر ایس لینے کے لئے بھی کہا۔ شاید انہیں لگا تھا کہ گیند نے بلے کا کنارہ لیا ہے ۔ اسٹمپنگ کی اپیل کو ٹھکرا دیا گیا اور ٹرنرنے 43 گیندوں پر ناٹ آوٹ 84 رن کی میچ فاتح اننگز کھیل ڈالی جس کے لئے وہ مین آف دی میچ بنے ۔ پنت نے دو بار یجویندر چہل کی گیند پر اسٹمپنگ کے موقع گنوائے تھے جس کا آسٹریلیا نے پورا فائدہ اٹھا لیا۔ ٹرنر کا موقع تو بہت آسان تھا لیکن پنت گیند کو مناسب طریقے سے روک نہیں پائے جس پر بولر چہل نے خاصی ناراضگی ظاہر کی۔ وراٹ نے مانا کہ پنت کی خراب اسٹمپنگ سے ٹرنر کو موقع ملا اور انہوں نے اہم اننگز کھیل کر ہندستان کے ہاتھوں سے فتح چھین لی۔ انہوں نے کہاکہ ایک وقت گیند بہت گیلی ہو گئی تھی اس لئے درست سمت میں بولنگ مشکل ہو رہی تھی۔ اسٹمپنگ سے بھی مایوسی ہاتھ لگی اور اچھے موقع ہاتھ سے نکل گئے ۔ 30 سالہ کپتان نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ آخری میچ بہت جارحانہ اور فیصلہ کن ہو گا ۔ اس سیریز میں بھی ہمارے پاس دو میچ ہماری غلطیوں سے سبق سکھانے والے ہیں۔ ہم کسی بھی صورت حال کو ہلکے میں نہیں لے سکتے ہیں۔ جیت کے لیے ہمیں بہت محنت کرنی پڑے گی۔ ہمیں یہ ہار کافی دکھ دے گی۔ ہمیں اگلے میچ میں پوری طاقت سے اترنا ہوگا تاکہ سریز جیت سکیں۔ ہندستان اور آسٹریلیا پانچ میچوں کی سیریز میں 2-2 سے برابری پر آ گئی ہیں اور فیصلہ کن میچ بدھ کو نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر ہو گا۔