عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈی آئی جی راجوری-پونچھ تیجندر سنگھ، ڈپٹی کمشنر راجوری ابھشیک شرما، اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گورو سکاروار نے بڈھال کا دورہ کیا تاکہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور عوام کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے اس موقع پر ایمبولینسز، صحت کی ٹیمیں اور آشا ورکرز کو تعینات کیا تاکہ مقامی افراد کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر محکموں کو بھی متحرک کر دیا گیا تاکہ عوام کے ساتھ مؤثر رابطہ اور تعاون یقینی بنایا جا سکے۔متاثرہ مریضوں سے نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں اور اس پراسرار بیماری کے اسباب جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر ضروری اقدامات کرے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔صحت کی ٹیموں کے علاوہ پولیس نے بھی اس معاملے میں نئی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ پراسرار بیماری کی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران مقامی افراد سے بات چیت کی اور ان کے فوری مسائل کو سمجھتے ہوئے مشترکہ محکماتی کوششوں اور بروقت مداخلت کی اہمیت پر زور دیا۔ایس ایس پی گورو سکاروار نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی سیکورٹی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ضلع انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حفاظت، صحت، اور بہبود کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ بڈہال کے عوام کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رہے گی۔یہ دورہ انتظامیہ کی جانب سے عوامی خدمت، فلاح و بہبود، اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔