ایم ایم پرویز
رام بن //قومی شاہراہ پر چندر کوٹ کے ڈھلواس علاقے میں پیر کو ایک ٹیمپو ٹریولر سڑک سے لڑھک کر سڑک کے کنارے نالے میں الٹ جانے کے بعد گیارہ سیاح زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ٹیمپو ٹریولر جس کا رجسٹریشن نمبر JK14K-9538 تھا،جموں سے کشمیر جا رہا تھا، سڑک سے پھسل کر الٹ گیا اور نیشنل ہائی وے پر ڈھلواس-پیڑاہ علاقے میں ایک نالے میں پھنس گیا، جس کے نتیجے میں 11مسافر زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال رام بن لے جایا گیا ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال رام بن، سدرشن سنگھ کٹوچ نے بتایا کہ ہسپتال میں 11زخمیوں کو لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زخمی علاج کے لیے جواب دے رہے ہیں۔اسپتال کے حکام نے 11زخمیوں کی شناخت کرشن گپتا (21) ولد نریش کمار گپتا، ساکشی گپتا (25) زوجہ اتل گپتا، ونود کمار (53) پریم نریان گپتا، شریستی گپتا (23)دختر ونود کمار ،واشنویو گپتا (23) ولد نریش گپتا (33)، کتم پرکاش، شاردا (18) دختر نریش ،نریش گپتا (44) ولد سریندر کمار گپتا، آرتی گپتا (46) زوجہ ونود گپتا، روشن گپتا (54) زوجہ نریش کمار گپتا، اور 18 ماہ کی نابالغ لڑکی شیوالی کے طور ہوئی ہے جو فیروز آباد اترپردیش کے رہائشی ہیں۔اس دوران ایک زخمی نریش گپتا نے بتایا کہ وہ شری ماتا ویشنو دیوی کی عبادت گاہ کٹرہ میں درشن کرنے کے بعد کشمیر کی طرف جارہے تھے۔پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے پولیس اسٹیشن چندر کوٹ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 46 درج کیا ہے۔