یو این آئی
نئی دہلی// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کے روز ایک نابالغ کو گرفتار کیا ، جو گزشتہ سال جنوری میں جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے ڈھانگری گائوں میں5 شہریوں کے قتل میں ملوث ملی ٹینٹوں کو پناہ دے رہا تھا۔نابالغ کو اتفاق سے آبزرویشن ہوم، آر ایس پورہ، جموں میں ایک اور کیس کے سلسلے میں گرفتاری کے بعد رکھا گیا تھا، جو پولیس اسٹیشن گرسائی، مینڈھر، ضلع پونچھ میں درج کیا گیا تھا۔ اسے این آئی اے نے کل اپنی تحویل میں لے لیا اور ریمانڈ کے لیے جوونائل جسٹس بورڈ، راجوری کے سامنے پیش کیا۔مذکورہ دہشت گردانہ حملہ یکم جنوری 2023 کو ہوا تھا اور اس میں اقلیتی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہوئے تھے۔ مقدمہ ابتدائی طور پر پولیس سٹیشن راجوری میں ایف آئی آر نمبر 01/2023 کے تحت درج کیا گیا تھا اور این آئی اے نے 13 جنوری کو کیس اپنے قبضے میں لیا اور دوبارہ رجسٹر کیا ۔این آئی اے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار کیا گیا نابالغ، دو دیگر پہلے گرفتار افراد نثار احمدعرف حاجی نثار اور مشتاق حسین عرف چاچا کے ساتھ مل کرملی ٹینٹوں کو پناہ دینے میں ملوث تھا جنہوں نے یہ خوفناک حملہ کیا تھا۔ نثار احمد اور مشتاق حسین کو NIA نے 31 اگست 2023 کو گرفتار کیا تھا، اور اس وقت سینٹرل جیل، کوٹ بھلوال، جموں میں بند ہیں۔دونوں نے دو ماہ سے زائد عرصے تک ملی ٹینٹوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کی اور انہیں ایک ایسے ٹھکانے میں پناہ دی جو انہوں نے پاکستان میں مقیم لشکر کے ہینڈلرز سیف اللہ عرف ساجد جٹ، ابو قتال عرف قتال سندھی اور محمد قاسم کی ہدایات پر کیا تھا۔تحقیقات کے دوران این آئی اے کے اہلکاروں کی ایک ٹیم نے جموں و کشمیر کے راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں باقاعدگی سے ڈیرے ڈالے تھے تاکہ اس جرم کے اصل مجرموں کی تلاش کی جا سکے۔ ٹیم نے بڑی تعداد میں مشتبہ اداروں کا معائنہ کیا اور بعد ازاں مذکورہ ملزمان کو زیرو کر لیا جنہوں نے دہشت گردوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کی تھی۔کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔