حسین محتشم
پونچھ//صاف ماحول اور صحت مند معاشرہ کے نعرے کے ساتھ شری کرشن چندر میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کی این ایس ایس یونٹ نے پرنسپل ڈاکٹر جسبیر سنگھ کی سرپرستی اور یونٹ کی این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر لولین کور کیسر اور یونٹ کے این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر خلیل ریشی کی نگرانی میں سات روزہ سرمائی کیمپ کا آغاز کیا۔کیمپ کی افتتاحی تقریب آئی کیو اے سی کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر اورنگزیب انجم، ایسوسی ایٹ پروفیسر غلام عباس، ایسوسی ایٹ پروفیسر اسد اللہ خان، ڈاکٹر تبسم ناز اور ڈاکٹر اعجاز بانڈیکی موجودگی میں ہوئی۔ ڈاکٹر خلیل ریشی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کیمپ کی مجوزہ سرگرمیوں کے بارے میں بات کی ۔این ایس ایس ایڈوائزری کمیٹی نے ونٹر کیمپ کا افتتاح ربن کاٹنے کی تقریب اور این ایس ایس کے عہد اور این ایس ایس سانگ کے ذریعے چراغ جلا کر کیا۔ ڈاکٹر لولین کور کیسر نے کیمپ کے دوران این ایس ایس رضاکاروں کی سماجی ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔انہوں نے رضاکاروں کو ثقافتی ورثے کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور دیہی علاقوں میں طرز زندگی کی ترقی میں این ایس ایس کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے رضاکاروں کو معاشرے میں رائج مختلف مسائل کے بارے میں روشناس کرایا اور انہیں لگن سے کام کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر کالج کیمپس میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا جس کا بنیادی مقصد رضاکاروں کو ماحولیاتی تحفظات کے بارے میں آگاہ کرنا اور نوجوان ذہنوں کو دھرتی ماں کے لیے ہمدردی پیدا کرنے کی طرف راغب کرنا تھا۔ اس موقع کو کارآمد بنانے کے لئے این ایس ایس کے تمام رضاکاروں نے عملے کے ساتھ مل کر کالج کیمپس میں مختلف قسم کے پودے لگائے۔