محمد تسکین
بانہال // فوج نے گورنمنٹ ڈگری کالج بانہال میں انفینٹری ڈے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس کا مقصد نوجوان طلبہ میں ملک کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا اور انہیں مسلح افواج میں شمولیت کے مواقع سے روشناس کرانا تھا۔اس موقع پر فوجی افسران نے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے اگنی پتھ سکیم کے بارے میں جانکاری دی اور فوج میں افسر کے طور پر کیریئر کے مختلف مواقع پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کے دوران مقررین نے انفینٹری ڈے کی تاریخی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دن ان بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے پاکستان کی دراندازی سے جموں و کشمیر کا دفاع کیا اور ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پروگرام میں اگنی ویرسکیم کے مقاصد، فوائد اور اس کے ڈھانچے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کا مقصد نوجوانوں کو نظم و ضبط، خدمتِ وطن اور ذاتی ترقی کا ایک باوقار موقع فراہم کرنا ہے۔طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور فوج میں شامل ہونے کے عزم کا اظہار کیا اور فوج میں شامل ہونے کے حوالے سے سوالات کئے ۔ کالج پرنسپل اور فوجی افسران نے اپنے خطابات میں حب الوطنی، ایثار اور قومی دفاع میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا۔
ڈگری کالج بانہا ل میں انفینٹری ڈے تقریب کا انعقاد | نوجوان کو مسلح افواج میں شمولیت کے بارے جانکاری دی گئی