عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //ضلع پونچھ میں منشیات کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور انسدادِ منشیات کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما کی صدارت میں’نارکو کوآرڈی نیشن سینٹر کی ضلع سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں منشیات کی روک تھام کے جاری اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایس ایس پی شافقت حسین بھٹ، اے ڈی سی طاہر مصطفی ملک، اے سی آر محمد سعید، سی ایم او ڈاکٹر محمد پرویز، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر خلیل احمد بندے، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اے سی پی، کالج سربراہان، تحصیلدار، سی آئی ڈی اہلکار، انسپکٹر ایم وی ڈی، ڈرگ انسپکٹر، محکمہ جنگلات کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف تحصیلوں میں انسدادِ منشیات آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران ایس ڈی ایمز اور تحصیلداروں نے اپنے اپنے علاقوں میں منشیات کے استعمال کی صورتحال اور کیمسٹ شاپس کی مانیٹرنگ کے حوالے سے رپورٹیں پیش کیں۔ اے سی پی نے بتایا کہ پنچایت سطح پر انسدادِ منشیات مہم شروع کی جا چکی ہے اور اس میں مقامی کمیونٹی کی حوصلہ افزا شمولیت دیکھنے کو مل رہی ہے۔کالج پرنسپل صاحبان نے اداروں میں منشیات کے نقصانات سے متعلق بیداری پروگراموں اور طلبہ کی رہنمائی پر مبنی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ سی ایم او نے صحت مراکز کے ذریعے جاری مشاورتی خدمات، طبی مداخلت اور بیداری مہمات پر روشنی ڈالی۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر کو آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی، جبکہ کالج پرنسپل صاحبان کو اپنے مقامی علاقوں میں این ایس ایس یونٹس کو متحرک کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کو بھی ان بیداری مہمات میں شامل کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔مزید برآں، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ بھنگ کی کاشت کو ختم کرنے کے لئے بروقت اقدامات کریں اور اس کی غیر قانونی کاشت کو روکنے کے لئے نگرانی میں اضافہ کریں۔ایس ایس پی نے حالیہ انسدادِ منشیات آپریشنز کے اعداد و شمار پیش کیے اور تمام محکموں کے مابین قریبی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ منشیات سے متعلق مقدمات اور رجحانات پر ماہانہ رپورٹیں جمع کروائیں تاکہ اس سنگین مسئلے سے منظم طریقے سے نمٹا جا سکے۔