سرینگر //مریضوں کو معیاری ادویات فراہم کرنے اور شہر میں ادویات کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے بدھ کو شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور 4دکانوں کو قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی،خرید و فروخت کا ریکارڈ نہ ہونے، گندگی، کولڈ سٹوریج ادویات کو بہتر طریقے سے سٹور نہ کرنے اور ذہنی بیماروں کو فروخت کرنے والی ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے اور دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب پایا گیا۔ ڈپٹی کمشنرکے ہمراہ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر عرفانہ احمد نے درجنوں دکانوں کا معائنہ کیا جن میں صورہ نزدیک سکمز، کاکہ سرائے نزدیک صدر اسپتال ، کرن نگر، نواکدل، گریٹہ بل اور دیگر علاقوں میں بھی دکانوں کا معائنہ کیا ۔ معائنہ کے دوران 20ادویات کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا گیا جن میں قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 4دکانداروں کے خلاف نوٹس جاری کیا گیا اور انہیں ادویات کی خرید و فروخت بند کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع سرینگر میں موجود تمام ادویہ فروشوںکو قوائد پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اضافی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ کوئی بھی شکایت درج کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ سے رابطہ کریں۔