زاہدبشیر
گول//ضلع انتظامیہ کی جاری عوامی رابطہ مہم کے تحت، ڈپٹی کمشنر رام بن، محمد الیاس خان نے گول میں ایک عوامی دربار پروگرام کا انعقاد کیا تاکہ مقامی لوگوں کی شکایات براہ راست سنی جائیں اور ان کے مسائل کی نچلی سطح پر بروقت اصلاح کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈی ڈی سی چیئر پرسن شمشادہ شان ، سی ایم او رام بن ، ایس ڈی ایم گول،، ایس ایچ او گول، ایس ڈی پی او گول، زیڈ ای او گول، رینج آفیسر گول ودیگر محکمہ جات کے سینئر افسران و معزز شہری موجود تھے۔اس موقعہ پر دربار کے دوران مختلف مسائل لوگوں نے سنائے جن میں سر فہرست ڈگری کالج کی ادھوری تعمیر ، انڈور سٹیڈیم ، ہسپتال کی بہتری ،گول سب ڈویژن کے صدر مقام کے ساتھ جڑنے والی تمام سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے ویٹرنری خدمات، راشن کی فراہمی، بجلی کے نظام، تعلیم، سیاحت اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق مسائل اٹھائے۔ اس موقعہ پر سب ڈویژن گول کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے مسائل سنائے اور ڈپٹی کمشنر نے یہاں تمام مسائل بغور سے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور ان کو ہبگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کی جانب سے آج قریباً چار سال کے بعد یہاں پر اس طرح کا یہ پہلا دربار دیکھنے کو ملا جس دوران لوگوں نے مسائل سنائے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ضلع کے تمام محکموں کے افسران کے ہمراہ گول کا دورہ کر کے عوامی شکایات ان کی دہلیز پر سنی اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے۔