راجوری // ڈپٹی کمشنر راجوری شبیر احمد بٹ ملازمت سے سبکدوش ہوگئے ہیں ۔موصوف نے اپنی 37سالہ ملازمت میں کئی اہم عہدوں پر کام کیا ۔ان کی سبکدوشی کے سلسلے میں پچھلے کئی روز سے الوداعی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ۔اتوار کوضلع انتظامیہ کی موجودگی میںانہیں الوداع کیاگیا ۔اس موقعہ پر ان کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہاکہ موصوف نے بطور ڈپٹی کمشنر راجوری اہم کام کئے ۔ گزشتہ روز ڈاک بنگلہ میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے الوداعی تقریب کا اہتمام رکھا گیا تھا جس میں کلچرل پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔اس دوران شبیر احمد بٹ نے اپنی ملازمت کے دوران تجربات بیان کئے اورکہا کہ نوکری کے دوران اسی شخص کی عزت ہوتی ہے جو اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیتا ہے ۔ انہوں نے آفیسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل کا حل کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں اور کسی کو بھی مایوس نہ ہونے دیں ۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ بلال رشید میر نے انجام دئیے ۔