اشتیاق ملک+محمد تسکین
ڈوڈہ+بانہال //ڈوڈہ، رام بن اور پٹن بارہمولہ اضلاع میں پیش آئے 4مختلف سڑک حادثات میں 9 افراد لقمہ اجل اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق منگل کو دو بجے کے قریب بھدرواہ سے تقریباً 35 کلومیٹر کی دوری پر واقع گلڈنڈا کے مقام پر بنی سے بھدرواہ کی طرف آرہی ایک ٹریکس گاڑی زیر نمبر JK06-5071حادثہ کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد از جان و 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولیس و سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچاؤ کاروائی شروع کی ہے۔امدادی کاروائی کے دوران 12 افراد کو بھدرواہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔
اس حادثہ میں مرنے والوں کی شناخت غلام نبی عطو ولد محمد عطو ساکنہ گندنہ، ونود کمار ولد مہر چند ساکنہ مونڈا بھدرواہ، فردوس احمد ولد غلام احمد ساکنہ بانہال ،برکت اللہ ولد غلام محمد حجام ساکنہ ببور ڈوڈہ و شیر چند ولد بیلیہ ساکنہ کونتھل بسوہلی کے بطور ہوئی ہے وہیں زخمیوں کی شناخت ارشاد احمد ولد عبدالاحد وانی ساکنہ اودھیان پور، نریش کمار ولدمدن لال ساکنہ کھکر کٹھوعہ ،محمد عبداللہ ولدمحمد نیائک ساکنہ گندنہ، صادق علی ولدفاروق احمد ساکنہ کنڈولو گندوہ ،بلال احمد ولد غلام رسول ساکنہ گندنہ، محمد شفیع ولد عبدالعزیز بٹ ساکنہ گندنہ، طارق عرفان ولد فاروق احمد ساکنہ نالٹھی ڈوڈہ ،رفیق احمدولد عبدالاحد ساکنہ گندنہ ،ندیم احمد ولد عبدالرشید ساکنہ اودھیان پور، نذیر احمد ساکنہ ڈوڈہ اور ریاض احمدولد منظور احمد ساکنہ گندنہ ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے۔یڈیشنل ضلع کمشنر بھدرواہ دلمیر چوہدری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ حادثہ منگل کو دو بجے کے قریب قصبہ سے 35 کلومیٹر کی دوری پر واقع گلڈنڈا کے مقام پر پیش آیا جس میں 5 افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے اور گیارہ دیگر زخمی ہوئے۔انہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تمام طبی لوازمات مکمل کرکے انہیں وارثین کے سپرد کیا گیا ہے۔پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھرڈوڈہ بھدرواہ شاہراہ پر بھالہ کے مقام پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص جاں بحق و 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر و منگل کی درمیانی شب گندوہ سے بھدرواہ کی طرف جارہی ایک ایکو گاڑی زیر نمبری JK06A-5819 بھالہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سو فٹ نیچے نیرو نالہ میں جا گری جس میں سوار 5 افراد زخمی ہوئے۔ اس حادثہ کے فوراً بعد پولیس و مقامی لوگوں نے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا جہاں پر جاوید احمد بٹ (40سال)ساکنہ چنگا بالا بھلیسہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ دیگر چار افراد زیر علاج ہیں جن کی شناخت محمد رفیع (23سال)ولد غلام نبی،امتیاز احمد (33سال)ولد فرید احمد، محمد عامر (23سال)ولد شفقت حسین و محمد آصف (24سال)ولد فاروق احمد ساکنہ چنگا بھلیسہ کے طور پر ہوئی ہے۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال سیتین کلومیٹر پہلے روم پڑی کے مقام ایک آلٹو کار کے حادثے میں دو افراد لقمہ اجل ہوئے ہیں جبکہ ایک مسافر زخمی ہوا ہے اور اسے سب ضلع ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔یہ آلٹو کار نمبر زیرنمبرJK02N-1856بانہال سے رامسو کی طرف جاتے ہوئے روم پڑی کے مقام سڑک سے لڑھک کر دو سو فٹ گہری کھائی میں جا گری اور گاڑی مکمل طور سے تباہ ہوگئی ۔پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک شخص نے موقع پر ہی دم توڑا تھا جبکہ ایک زخمی نے بانہال ہسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑا۔ کار میں سوار دو چچیرے بھائی لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ زخمی ہوا مسافر ایک مرنے والے کا بھائی ہے۔ یہ بدقسمت کار سوار بانہال سے عید کی خریداری کے بعد واپس اپنے گھر واقع پنچایت سربگھنی رامسو جارہے تھے ۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناث 32 سالہ محمد افضل ولد گل محمد ملک اور پچپن سالہ محمد عظمت ولد عبدالرشید ملک ساکنان سربگھنی سب ضلع رامسو کے طور کی ہے ۔ اس کار حادثے میں زخمی کی شناخت شبیر احمد ولد گل محمد ملک کے طور کی گئی ہے ۔ ادھر سنگھ پورہ پٹن میں منگل کی صبح بارہمولہ شاہراہ پر ایک آٹو گاڑی نے 75 سالہ راہگیر کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ شخص شدید زخمی ہو گیا۔اسےقریبی اسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔اس کی شناخت علی محمد ڈار ولد عبدالرحمان عمر کے بطور ہوئی ہے ۔ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیاہے۔
LGکا اظہار افسوس،5لاکھ روپے مالی مدد کا اعلان
جموں/عظمیٰ نیوز سروس/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈوڈہ اور رام بن میں پیش آئے بدقسمت سڑک حادثات میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک ٹویٹ میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “ڈوڈہ اور رام بن میں جانوں کے ضیاع سے انتہائی دکھ ہوا ہے۔ سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایکس گریشیا کا بھی اعلان کیا۔ ہر مرنے والے کے لواحقین کو 5 لاکھ روپےاور شدید زخمیوں کو 50,000 روپے دیے جائیں گے۔