ٹریفک دوسرے روز بھی معطل، ٹھاٹھری ،کاہرہ و گندوہ بھلیسہ میں دو روز سے بجلی سپلائی متاثر
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر ٹھاٹھری کانڈوت کے نزدیک گذشتہ روز بھاری پسی گر آنے سے دوسرے روز بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی ۔اس دوران بجلی کے ترسیلی نظام کو پہنچے نقصان کی وجہ سے ٹھاٹھری، کاہرہ ،چلی پنگل و گندوہ چنگا میں بجلی سپلائی بھی دوسرے روز معطل رہی۔اطلاعات کے مطابق پیر و منگل کی درمیانی شب ڈوڈہ کشتواڑ قومی شاہراہ پر ٹھاٹھری کانڈوت کے مقام پر بھاری پسی گر آئی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت منگل کو دن بھر معطل رہی اور علاقہ میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔اس دوران بدھ کو پسی ہٹانے کاکام شروع کیا تاہم دیر شام تک بحالی کاکام مکمل نہیں ہو سکا۔بھاری پسی گر آنے کے باعث بجلی کی 34 کے وی کو بھی نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں دو روز سے گندوہ بھلیسہ، چلی پنگل ،کاہرہ و ٹھاٹھری میں بجلی بند رہی۔ اس دوران عارضی طور ٹریفک کو جنگلواڑ سے کانڈوت کے راستے منتقل کیا گیا ہے جو پریم نگر کے نزدیک ڈوڈہ کشتواڑ قومی شاہراہ کے ساتھ ملتی ہے۔