عظمیٰ نیوزسروس
بھدرواہ//حالیہ طوفانی سیلاب کے نتیجے میں جس نے اونچائی پر واقع جائی وادی کےچراگاہوںکو جوڑنے والے کئی پل تباہ کر دیے، سینکڑوں گجر جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں زندگی گزارنے کے لیے انتہائی خطرہ مول لینے پر مجبور ہیں۔گرمیوں کے مہینوں میں بھدرواہ شہر سے 35 کلومیٹر دور 7,850 میٹر اونچےچراگاہوں میں 350 سے زیادہ قبائلی خاندان اپنے مویشیوں کے ساتھ رہتے ہیں۔وہ دودھ اور دودھ کی مصنوعات فروخت کرتے ہیں لیکن 26 اگست کو ہونے والی شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں سیلاب آیا اور چاروں پل بہہ گئے، جس سے ان کے پاس اپنی پیداوار کے ساتھ منڈی تک پہنچنے کے لیے دن میں دو بار ندیوں کو عبور کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا۔ایک خانہ بدوش عبدالکرین دیدار نے کہا “گزشتہ ماہ ہونے والی شدید بارش کے بعد 20 کلومیٹر کے علاقے میں کوئی پل باقی نہیں بچا ہے اور ہمارے پاس اپنی پیداوار کو بازار تک پہنچانے کے لیے دریا کے پار لے جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے”۔دیدار نے بتایا کہ انہوں نے ہاتھ پکڑ کر تیزی سے بہتے دریا کو گروہوں میں عبور کیا۔ “ہمیں یہ اپنے خاندانوں کے لیے کرنا ہے حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ اس طرح دریا کو عبور کرنے میں بہت زیادہ خطرہ ہے”۔کمیونٹی کے سربراہ محمد حسین چیچی نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ بہہ جانے والے پلوں کی جلد از جلد تعمیر نو کو یقینی بنائے۔خانہ بدوش خاندانوں کو درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے، بھدرواہ کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر دیویندر کمار نے کہا کہ انہوں نے تباہ شدہ پلوں کی تعمیر نو کے لیے بیک وقت محکمہ جنگلات اور ضلع انتظامیہ کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہمیں منظوری ملے گی، پیدل پل جنگی بنیادوں پر بنائے جائیں گے۔